مزید خبریں

رمضان اور ہم

ایک بندۂ مومن کے لیے رمضان المبارک، اللہ تعالیٰ کا ایک بڑا احسان اور عظیم تحفہ ہے۔ جو شخص اس مہینے میں کوئی نیک اور بھلا کام کرتا ہے تو اس کو ایسا ثواب ہوتا ہے، جیسے اور مہینوں میں فرض کا ثواب، اور جو کوئی اس مہینے میں ایک فرض بجا لائے تو اس کو ستّر فرضوں کا ثواب ملتا ہے۔
اس مہینے کی ابتدا میں رحمت ہے اور اس کے درمیانی دنوں میں مغفرت وبخشش ہے، اور اس کے آخری حصے میں دوزخ سے آزادی ہے۔ اس مہینے میں کثرت سے کلمۂ شہادت و استغفار پڑھنا، اللہ تعالیٰ سے جنت کی دْعا کرنا اور دوزخ سے پناہ مانگنا ایک بندئہ مومن کا وظیفۂ حیات ہے۔
اللہ ربّ العزت کا یہ کتنا بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں دین کا صحیح فہم نصیب کیا، اور ایک دین دار نظم سے منسلک ہو کر اجتماعی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا۔ اس گئے گزرے دور میں ہرطرف پھیلی ہوئی تاریکی اور جہالت کو دیکھیے۔ دین سے دْوری اور گریز کی اَن گنت راہوں کو دیکھیے۔ پھر اپنی خوش بختی کا اندازہ کیجیے کہ اس مالک و خالق نے اپنے دین کی سربلندی کے لیے ہمیں منتخب کیا ہے۔ کیسی خوش نصیبی ہمارے حصے میں آئی ہے کہ اس نے اپنا محبوب بندہ بننے، عبادالرحمٰن میں اپنا نام لکھوانے، اور اپنی خوش نودی کے نصب العین کے تحت جدوجہد کرنے والوں میں ہمیں شامل کیا ہے۔
لیکن یہی خوش بختی ایک گراں بار ذمے داری اور نازک فریضہ بھی ہے… اس سے پہلو تہی کرنا اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالنے سے کم نہیں۔ اس کام میں تھوڑی سی سستی اور تساہل بھی سخت پکڑ اور کڑی باز پرس سے ہمکنار کرنے والی ہے۔ اس فانی دنیا کے مقابلے میں ہمیشہ قائم و باقی رہنے والی زندگی کے لیے قیمتی اثاثہ اور متاع بے بہا جمع کرنے کا یہ بڑا نادر موقع ہے۔ اپنے ربّ سے تعلق مضبوط کرنے اور اس کی قربت حاصل کرنے کا یہ بہترین زمانہ ہے۔ ایمان کا بڑھنا، اس میں روزافزوں اضافہ اور ترقی، انسان کی فلاح، اس کی کامرانی اور اس کی کامیابی کے لیے اللہ رب العالمین کی بارگاہ میں سرخروئی اور مغفرت کا یہ پیشگی پروانہ ہے۔
ہم پر اللہ ربّ العزت کے اَن گنت احسانات اور نوازشیں تقاضا کرتی ہیں کہ ہم ہر لمحے اس کا شکر ادا کریں۔ شکر کی بہترین شکل اللہ کے سامنے جواب دہی کا زندہ احساس، رجوع الی اللہ کی اْمنگ اور انفاق فی سبیل اللہ ہے۔ ذکر کی مکمل ترین اور مؤثر ترین صورت نماز ہے۔ اللہ کی رضا کو اپنی زندگی کا نصب العین قرار دینے کے بعد اس کے تمام تقاضوں کو ٹھیک ٹھیک ادا کرنا مسلسل جہاد ہے۔
رمضان المبارک ایک بار پھر رحمت و کرم کی بارش کا وسیلہ کر بن رہا ہے۔ ہم پر لازم ہے کہ اس مبارک ماہ کی ویسی ہی قدر کریں جیسا کہ اس کی قدر کرنے کا حق ہے۔ فریضہ اقامت دین کی جدوجہد کے ایک کارکن کی نظر سے دیکھیں تو یہ مہینہ اپنے آپ کو علم دین سے لیس کرنے، خوب اجر سمیٹنے، چھوٹی بڑی نیکیاں اپنا شعار بنا لینے، اپنے نفس پر قابو پانے، ایک مجاہد کا سا مضبوط ایمان پیدا کرنے، مردِ مومن کی سی دْور رس نگاہ پیدا کرنے کا مہینہ ہے۔ مختصر یہ کہ اپنے مالک حقیقی سے قرب حاصل کرنے، اور اپنے آپ کو اس کے انعامات اور فضل کا مستحق قرار دینے کا مہینہ ہے۔ اگر ہم ان نعمتوں کی قدر کرنے اور اللہ کا شکر ادا کرنے کا ارادہ کریں گے، تو وہ ہمیں اپنی عائد کردہ ذمے داریوں کو ٹھیک ٹھیک ادا کرنے کے قابل بنائے گا اور بحیثیت مجموعی دین کا اچھا کارکن اور اپنی راہ کا زیادہ مستعد سپاہی بننے کا حوصلہ عطا کرے گا اور ہر آن ہماری مدد بھی فرمائے گا۔
ضروری ہے کہ ان دنوں اپنے معمولات کو دوسرے دنوں کے مقابلے میں بالکل تبدیل کردیجیے۔ اپنا زیادہ وقت تلاوت قرآن کریم، نماز اور مطالعے میں گزاریے۔ اٹھتے بیٹھتے مسنون اذکار کا سہارا لیجیے۔ جب بات کیجیے تو نیکی کی بات کیجیے۔ اپنے ربّ سے دْعائیں کیجیے، گناہوں پر معافی مانگیے، اْسی مالک حقیقی کے سامنے گریہ و زاری کیجیے اور مغفرت طلب کیجیے۔
تحریک اسلامی کے دشوار اور کٹھن راستوں کو ہم اس وقت تک طے نہیں کر سکتے، جب تک کہ ہماری سیرت پختہ اور ایمان مضبوط بنیادوں پر استوار نہ ہو، اور ہم میں بے پناہ صبر اور خدا خوفی کا داعیہ موجود نہ ہو۔ زندگی کی آسایشوں اور دنیا کی چمک دمک میں اْلجھ کر ہم اکثر اپنے مقصدِ حیات ہی کو بھول جاتے ہیں۔ ہم اس وقت تک ثابت قدمی اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے، باطل کے مقابلے میں چٹان ثابت نہیںہو سکتے، جب تک کہ ہماری ذاتی اور اجتماعی زندگی، ربّ کی بندگی کے مفہوم سے پوری طرح آشنا نہ ہو اور خواہشات نفس کی غلامی سے نکلنے کی ہم نے مشق نہ بہم پہنچائی ہو۔
ہمیں نہ صرف خود حق کے راستے پر چلنا ہے بلکہ دوسروں کو بھی چلنے کی دعوت دینا ہے۔ ہمیں نہ صرف اپنی زندگیوں میں دین کو قائم کرنا ہے بلکہ اپنے ماحول، معاشرے اور پورے ملک میں دین کو قائم کرنے کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ اس کام کے لیے ہمیں خلوص کی وافر مقدار، مضبوط ایمان کی دولت اور صبر وحکمت کا سرمایہ درکار ہے۔ اسی طرح انتہائی پختہ سیرت وکردار، عزم و ارادے اور اللہ کی معیت، نصرت، توفیق اور اس کی رضا کی ضرورت ہے۔
رمضان المبارک ہمارے لیے ایک بیش بہا نعمت ہے۔ ایک گراں قدر نقد سرمایہ ہے، لیکن افسوس کہ کم ہی لوگ اس سے کماحقہٗ فائدہ اٹھاتے ہیں۔ سچ بات ہے کہ بیش تر کے حصے میں تو سواے بھوک اور پیاس کے کچھ نہیں آتا۔ ماہ رمضان کے سلسلے میں چند باتیں خصوصی توجہ چاہتی ہیں:
اس ماہ کے دوران ہر روز دو نوافل خصوصی طور پر پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دْعا کیجیے کہ وہ آپ کے ارادے و عزم کو پختہ کرے۔ وہ اپنی حفاظت میں رکھے اور ان قیمتی لمحات کو غیر شعوری طور پر بے عملی، تساہل، اور فضول باتوں میں ضائع ہونے سے بچائے۔
پھر مہینے بھر ایک پروگرام ترتیب دے کر اس پر عمل کیجیے، روزانہ اس پروگرام کی پابندی کو اپنے اوپر بالکل لازم کر لیجیے، اپنا احتساب کیجیے اور خود کو ہرگز کوئی رعایت نہ دیجیے۔ اگر کبھی آپ کے اپنے بنائے ہوئے پروگرام میںکوئی کمی رہ جائے تو اسے پورا کیے بغیرچین سے نہ بیٹھیے۔
اس بات کو اپنی نظروں سے کبھی اوجھل نہ ہونے دیں کہ ہماری ساری کوششوں کا مقصد اپنے ربّ کی رضا کا حصول ہے۔ یہ رضا اس خالق و رازق سے مضبوط تعلق پیدا کیے بغیرممکن نہیں ہے۔ تعلق باللہ ہی سعادت کا وہ سرچشمہ ہے، جہاں سے ہم زندگی کے ہر گوشے میں اللہ کے دین کی اقامت کا جذبہ اور لگن پاسکتے ہیں۔ جتنا ہم اس راہ میں شوق و ذوق سے پیش پیش ہوں گے، اتنا ہی اپنے نصب العین سے قریب تر ہوں گے اور جس قدر اس میدان میں پیچھے رہتے جائیں گے، اتنا ہی اپنے نصب العین سے دْور ہوتے جائیں گے۔ اس امر کی خصوصی کوشش ہونی چاہیے کہ ہمارے خیالات اور اعمال اپنے ربّ کے لیے خالص ہوں۔اس منصوبہ بندی اور پروگرام میں جن امور کا خیال رکھنا اور جن باتوں پر اپنا احتساب و جائزہ لیتے رہنا ہے، ان میں یہ امور بھی پیش نظر رہیں:
نماز: فرض نمازوں کو پورے اہتمام سے ادا کیجیے۔ اس کے لیے شعوری کوشش اور تیاری کی ضرورت ہے۔ نماز میں الفاظ کی ادایگی شعوری طور پر کیجیے۔ قرآن کے نئے حصے یاد کرکے تلاوت کیجیے۔ رکوع و سجود جن کیفیات و جذبات کا مظہر ہیں، ان کو دل و دماغ میں تازہ کریں۔ خاص اہتمام کیجیے کہ کوئی نماز بلا جماعت نہ ہو۔
اس ماہ نوافل کا بھی زیادہ سے زیادہ اہتمام کیجیے، کچھ تو اپنے اوپر خود ہی لازم کر لیجیے، اور پورے ماہ پابندی سے ان کو ادا کیجیے۔ نماز تہجد کے لیے جو آسانی اس ماہ میسر آتی ہے، اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیے۔ کوشش کیجیے کہ کسی رات نمازِ تہجد کا ناغہ نہ ہو… اس کا انحصار آپ کی اپنی شعوری کوشش دل کی حضوری پر ہے۔
قرآن: یہ مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس ماہ قرآن پاک سے خصوصی تعلق استوار کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔ سہل پسندی کی نذر ہونے سے بچیے، بلکہ اہتمام کرکے پورا قرآن سماعت کیجیے۔ بہتر یہ ہے کہ پڑھے جانے والے رکوعات کو پہلے ہی ترجمہ کے ساتھ پڑھ لیا جائے تاکہ رمضان میں پورے قرآن کی تلاوت ہوجائے۔ وقت کی پابندی ضرور کیجیے اور اس کے لیے ایک مناسب وقت اختتام سحری سے طلوع آفتاب تک کا ہے۔ یا جو وقت بھی آپ نے مقرر کیا ہے، اس کے علاوہ بھی زیادہ سے زیادہ وقت تلاوت قرآن میں صرف کیجیے… باقاعدہ مطالعے کے لیے قرآن کا کوئی حصہ منتخب کر لیجیے (مثلاً آخری منزل)، اور اسے زیادہ گہری نظر سے تفہیم القرآن یا کسی اور تفسیر کی مدد سے پڑھنے کی کوشش کیجیے۔ بعض حصوں، خصوصاً آخری پاروں اور منتخب رکوعات کے حفظ کا اہتمام بھی کیا جاناچاہیے۔
مطالعہ: اس میں اصل چیز باقاعدگی ہے۔ روزانہ کچھ نہ کچھ وقت ضرور نکالیے۔ جوکتابیں آپ چاہیں منتخب کر سکتے ہیں۔