مزید خبریں

ملتان نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنادیا

راولپنڈی/ کراچی ( سید وزیر علی قادری )ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا۔راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان
خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے بھی 50 رنز دیے اور ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 253 رنز بنا کر ہمت ہار گئے اور ملتان سلطانز نے میچ رنز سے 9 رنز سے جیت لیا۔عمیر یوسف 67 اور افتخار احمد 53 بالترتیب نمایاں بلے باز رہے۔عباس آفریدی نے بولنگ کے ذریعے رہی سہی کسر بھی پوری کردی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 شکار کیے۔ احسان اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا۔