مزید خبریں

ڈونرز نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے صرف40 فیصد وعدے پورے کیے ، اقوام متحدہ

نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے رواں سال کے اوائل میں انٹرنیشنل کانفرنس میں ڈونرز کی جانب سے کیے گئے وعدوں میں سے صرف 40 فیصد ہی پورے کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک سے نیویارک میں نیوز بریفنگ میں پوچھا گیا کہ جنوری میں وعدہ کی گئی زیادہ تر رقم کہاں غائب ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ غائب ہے کیونکہ لوگوں نے اب تک نہیں دی۔ خیال رہے کہ جنوری میں پاکستان کو جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران گزشتہ برس آنے والے تباہ کن سیلاب سے بحالی کے لیے عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے 9 ارب ڈالر سے زاید امداد کا اعلان کیا گیا جو پاکستان کی درخواست سے ایک ارب زیادہ ہے۔ کینیا میں صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق سوال پر ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے لیکن اقوام متحدہ کو مطلع رکھنے کے لیے باضابطہ درخواست نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہمیں ابھی کوئی آگاہی نہیں ملی، ہمیں موجودہ اسٹیٹس کے حوالے سے چیک کرنا پڑے گا۔سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 75 نئے مقدمات درج کرنے پر رائے کا اظہار کرنے کی درخواست پر ترجمان نے یاد کرایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں سیاسی تناؤ کی صورتحال میں کمی کا مطالبہ کیا تھا اور ان کے پاس سیکرٹری جنرل کے بیان میں مزید اضافہ کرنے کو کچھ نہیں ہے۔