مزید خبریں

الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آبادسماجی فلاحی خدمات سر انجام دے رہی

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن ڈونرکانفرنس ضلعی صدر رائے اکرم خاں کھرل کی زیرصدارت مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی جس میں شہر بھرکے تاجر،ڈاکٹرز،صنعت کاروں اوردیگرشعبہ سے تعلق رکھنے والے کثیرافراد نے شرکت کی اورالخدمت کے کفالت یتامی پروگرام، شعبہ صحت،تعلیم،مواخات سمیت دیگرپروگراموں کے لیے 37کروڑ سے زائد کی رقم الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آبادکو دینے کا وعدہ کیا۔ڈونر کانفرنس کے مہمان خصوصی مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن تھے۔جبکہ صوبائی صدر اکرام الحق سبحانی،جماعت اسلامی کے قائمقام ضلعی امیر شیخ محمد مشتاق ، ڈاکٹرعبدالجبارعباسی،میاں افتخارعلی،رائے مجیب الرحمن بھٹی، راؤ شیرافگن،میاں زبیر لطیف ، چودھری سلیم گجرسمیت دیگرعہدیداران موجود تھے ۔ رائے اکرم خاں کھرل نے شرکا کو گزشتہ سال کی الخدمت فاؤنڈیشن کی کارکردگی رپورٹ بتائی جس میں الخدمت کے تمام شعبوں میں کام کرنے پر لوگوں نے سہراہا۔انہوں نے کہاکہ مخلوق کی خدمت کے کاموں میں حصّہ لینے والوں کا اللہ ہی اجر دیتا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آبادسماجی فلاحی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت،راشن تقسیم،صحت کے حوالہ سے فری کیمپس فری ڈسپنسریاں،وہیل چیئرز تقسیم،مواخات پروگرام کے تحت آسان اقساط پر بلا سود قرضہ جات کی فراہمی،سلائی سنٹرز، مدارس اور دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دی جا رہی ہیں۔ مرکزی صدر پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف خوشحالی و ترقی، دوسری جانب محرومی ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اللہ نے دو طرح کی مخلوق بنائی ایک کو بیشمار نوازا اور دوسری کو محرومی دے کر آزمائش میں ڈالا اوردونوںکو آزمایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا مال اپنی زندگی میں اپنے علاوہ محروم لوگوں پر خرچ کریں۔ ملک میں 44 لاکھ یتیم بچے ہیں۔ الخدمت اب تک 20000 ہزارسے زائدیتیم بچوں کی کفالت کررہا ہے جس پر سالانہ اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔حضور پاکؐ نے فرمایا کہ ’’یتیم کی کفالت کرنے والا روز قیامت میرے ساتھ ایسا ہو گا جیسے میری یہ دو اُنگلیاں ساتھ ہیں۔انہوں نے الخدمت کے ساتھ تعاون کرنے اوراپنے اعتماد کے رشتے کو قائم وائم رکھنے پر اظہار تشکر کر تے ہوئے کہا کہ جو لوگ نیکی کے کاموں میں حصہ لیتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس کا اجر مزید بڑھا چڑھا کر دیتے ہیں۔اگر انفاق فی سبیل اللہ یعنی اللہ کے راستے میں خرچ کرنے کا عمل معاشرے میں عام ہوجائے تو معاشرے میں نمایاں اور خوشگوار تبدیلی آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر چیز کی جزا ملنا مشکل،تاہم اللہ کے یہاں نیکی کے کام کا بدلہ بڑھا چڑھا کر ملتا ہے اور اگر انسان آخرت میں کچھ حاصل کرنا چاہتا ہے تو دین اور بھلائی کے کاموں کیلیے خود کو وقف کر دے۔انہوں نے کہا کہ الخد مت کے کام سب کے سامنے ہیں۔اللہ کے بندوں کی خدمت کیلیے کام کر رہی ہے۔