مزید خبریں

سوشل میڈیا پر اسلام مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے،محبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزما ںبٹ نے مطالبہ کیاہے کہ سوشل میڈیا پر اسلام مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے اور حکومت اس کو روکنے کے عملی اقدامات کرے۔ اسلام فوبیا مغرب کا کلچر بن رہاہے ۔ ختم نبوت ؐ کے عقیدے کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں، سماجی رابطہ کے نیٹ ورکس پر غیر مسلموں کی جانب سے مذہبی حوالے سے غلط بیانی پر مبنی اقدامات اور توہین آمیز مواد کا جائزہ لینے کے سلسلے میں حکومتی سطح پرنمائندہ کمیشن تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہ ایک منظم سازش کے تحت شعائراسلام کی توہین کی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرکے انہیں دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سوشل میڈیا ،گوگل اور وکی پیڈیا کے سرچ انجنوں پر بے حرمتی ، غلط بیانی اور دھوکہ دہی پر مبنی معلومات کے پھیلائو تشویشناک ہے۔ سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس پر ختم نبوت اور نظریہ پاکستان سے متعلق بے حرمتی کے مواد نشر کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے ذریعے عالمی سطح پر مسلمانوں کی دل آزاری کی جارہی ہے۔ اس طرح کے مواد جس کی مدد سے اسلام ، اسلامی عقائد ،اصول و روایات ، قرآن پاک ، ختم نبوت ؐ کے حوالے سے توہین آمیز اور غلط بیانی پر مبنی مواد کو پھیلایا جاتاہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے حکمرانوں اور او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا ہے اس پر متحدہوکر اقوام متحدہ میں آوازاٹھائی جائے۔