مزید خبریں

پیٹرول کے نرخ میں کمی،اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنما ئوںسردار ظفرحسین، پروفیسر محبوب الزماںبٹ ، میاں طاہر ایوب ، شیخ محمد مشتاق، میاں اجمل حسین بدرنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے فیصلہ کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی واقع ہورہی ہے لیکن پاکستانی حکومت عالمی منڈی کے مطابق قیمتیں کم نہ کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، حکومت نے لیوی ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں مزید اضافہ کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اپنا پیٹ بھرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئی ایم ایف کے ایماء پر منی بجٹ کے ذریعے 170ارب کے ٹیکس لگانے اور سیلز ٹیکس کی شرح میں مزیداضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا ڈرون بم گرادیا ہے دوسری طرف مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی لڑائی میںگندم کا مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو کراچی سے چترال تک آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا گیا۔ لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں، ذخیرہ اندوز اور مافیا اربوں کما رہے ہیں ۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان گندم برآمد کرنے والے ملک سے گندم درآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کے بجائے حکمران کشکول لے کر در بدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوںنے عدالتوں کو یرغمال بنایا، اداروں کو تباہ کیا اور 22کروڑ عوام سے دشمنی کی۔یہ سیاسی و معاشی دہشت گرد ہیں ۔ ان کی آپس کی لڑائیاں مفادات کے لیے ہیں۔ ملک میں سیاسی افراتفری، آئینی و معاشی بحران پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی بیڈگورننس ، نااہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔