مزید خبریں

سیاسی استحکام کیلیے عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کروانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، حکومت اور اس کے اتحادی اب ملک میں ایک ہی دن قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کروانے کاا علان کر یں۔پاکستانی معیشت اور معاشرہ دونوں ہی اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ افراتفری اور اضطراب کی کیفیت کو برقرار رکھا جائے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان سیاسی چپلقش کا خمیازہ ملک و قوم بھگت رہے ہیں۔ملک میں انتخابی اصلاحات کے ساتھ نئے مینڈیٹ لے کر آنے والی حکومت ہی بہتری کی امید لا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے ملک بھر میں عام انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ کوئی بھی سیاسی جماعت تنہا بحرانوں سے نمبردآزما نہیں ہو سکتی۔اس کے لیے ضروری ہے کہ سب مل کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔پاکستان کے معاشی حالات اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ موڈیز نے ریٹنگ کم کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو سکتا ہے۔حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکمران پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کر کے حاتم طائی کی قبر پر لات مار رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر کے گھریلو صارفین کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا گیاہے۔پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی ناکافی، جس رفتا ر سے پیٹرول کی قیمت بڑھائی جاتی ہے اس میں کمی بھی اسی رفتار سے کی جانی چاہیے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم پچاس روپے فی لیٹر کمی کی جائے۔عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔مرضی کے فیصلوں کو قبول کرنا اور مرضی کے خلاف آنے والے فیصلوں پر تنقید درست نہیں۔