مزید خبریں

ملک میں سیاسی، معاشی، ماحولیاتی بحران ہے، راشد نسیم

 

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی، معاشی، ماحولیاتی بحران ہے، حکمرانوں نے دین حق کو چھوڑ کرقرض پر کھڑی سرمایہ دارانہ معیشت اورآئی ایم ایف کی غلامی اپنائی، جس سے مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی کی صورت تباہی کا سامنا ہے۔جماعت اسلامی عام سیاسی جماعتوں کی مانند نہیں ہے، اس کا کردار،عمل،طریقہ کار اطاعت رب پر کھڑا ہے۔آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں نے پورے ملک اور عوام کو دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت 2 روزہ تربیت گاہ برائے امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تربیت گاہ میں سندھ بھرسے امیدواران رکنیت شریک تھے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے علاوہ دینی اسکالرز،تعلیمی ماہر ین اورجید علما کے لیکچرز واسٹڈی سرکل کا اہتمام کیا گیا تھا۔تربیتی اجتماع سے
الخدمت پاکستان کے سیکرٹری سید قاص انجم جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کارکنان کی ذہنی و فکری تربیت کے ساتھ اس غلبہ دین کے مشن کے لیے بھی تیارکرتی ہے۔ہمارا کارکن اپنے سیاسی مخالف سے بھی دلیل کے ساتھ بات کرتا ہے کیونکہ ہم ہر شخص کی بھلائی اور اخروی کامیابی چاہتے ہیں ، انسان کو بندگی کا شعور حاصل ہوجائے تو یہی اس کی بہت بڑی کامیابی ہے۔حسن سلوک اور دیانتداری کے ساتھ معاملات زندگی کرنا بھی اللہ کی بندگی ہے،حصول رزق حلال عین عبادت ہے اور آج کے دور میں جو شخص حلال رزق کھاتا ہے وہ سب سے بڑا ولی ہے۔ شیخ القرآن و مدیر جامعۃ الحرمین مفتی عطا الرحمن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سید مودودی ؒکے انقلابی لٹریچر پر یہ عالمی تحریک برپا ہوئی ہے جس نے لوگوں کو حق و باطل کا شعور دیا۔ قرآن کی دعوت یہی ہے کہ ہر باطل و طاغوت کی غلامی سے نکل کر صرف اپنے خالق کی بندگی میں آیا جائے۔