مزید خبریں

قوم جماعت اسلامی کی محبت وطن قیادت کو موقع دیں

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہاہے کہ جن لوگوں کی جگہ جیل ہونی چاہے وہ قوم کی تقدیر کے فیصلے کر رہے ہیں ۔ قوم جماعت اسلامی کی حقیقی اور محب وطن قیادت کو موقع دے۔وزیراعظم کی طرف سے کفایت شعاری مہم کااعلان محض دکھاوا اور قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ عوام کو سادگی اختیار کرنے کا مشورہ نا قابل فہم ہے۔ حکمران اپنے شاہانہ طرز زندگی کو ختم کریں۔بیرون ممالک پڑے اپنے اربوں ڈالر زپاکستان واپس لائیں اور عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے خود قربانی دیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے زون پی پی112کے زیراہتمام ڈونرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ، امیدوار این اے101 شیخ محمدمشتاق، امیدوار پی پی 112 اجمل حسین بدر،زونل امیر چودھری سلیم گجر،بلال انور، یوسف گل پراچہ،حمزہ تجمل، مولانا امجدخاں، زبیرلطیف نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک کرپٹ افراد اسمبلیوں میں موجود ہیں ملکی معیشت ترقی کر سکتی ہے اور نہ ہی پاکستان کے اندر کوئی کفایت شعاری کی مہم کامیاب ہو سکتی ہے۔ ملکی معیشت کوسہارا دینے کیلیے کابینہ مختصر کی جائے۔ پروٹوکول کا خاتمہ ہو نا چاہیے۔ ہر سال اربوں روپے سرکاری مراعات پر خرچ کر دیے جاتے ہیں، ہر قسم کی مراعات دینے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ملک میں مستقل بنیادوں پر میثاق معیشت کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بیڈ گورنئس کے باعث عوام میں نا امیدی اور مایوسی بڑھتی چلی جا رہی ہے۔قوم کے لئے پی ٹی آئی سے پی ڈی ایم کا سفر بد سے بدترین رہا ہے۔ آئندہ الیکشن حکمرانواں کے لئے ڈرائونا خواب بن جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حالات دن بدن خراب تر ہو رہے ہیں۔کرپشن کے قلع قمع کے لئے احتساب کے ادارے مضبوط اور سیاسی دباؤ سے بالا تر ہونے چاہیں۔چیئرمین نیب کا استعفیٰ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔