مزید خبریں

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو صرف اقتدار عزیزہے ،سردارظفر حسین

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کوصرف اقتدار عزیز ہے۔ آئین ، سیاسی جمہوری پارلیمانی عمل اور اقدار سے کوئی سروکار نہیں۔ اسمبلیاں توڑنے ،بچانے اور استعفے دینے کا ناٹک جاری ہے۔ پی ڈی ایم اورپی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرتے کرتے عوام کودیوالیہ کر دیا ہے۔ یوٹیلیٹی بلز عوام کے لئے عذاب اور جان لیوا بن گئے ہیں۔ بجلی گیس پانی کے بل سفید پوش طبقہ کے لئے ڈیتھ وارنٹ بنے ہوئے ہیں۔جماعت اسلامی ملک گیر سطح پر اچھے باصلاحیت لوگوں کو جمع کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی ، اخلاقی بحران کے خاتمہ کے لئے قومی قیادت سنجیدہ نہیں۔سیاسی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ عوام کے زخموں کوگہرا کر رہا ہے ۔ 6 ماہ مدت اقتدار گزارنے کے بعد بھی اتحادی حکومت کے وزیر اعظم اور اس کی ٹیم سوائے لفظی گولہ بارود کے اور کچھ نہیں کر سکتی۔ آئے روز وزیروں مشیروں کے تبادلے ، بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ اور ٹی وی پر بیٹھ کر مخالفین پر لفظوں کے تیر چلانے کے علاوہ حکومت کو کوئی سنجیدہ کام نظر نہیں آتا۔ انھوں نے کہا کہ گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کی اکثریت روزگار کے لیے پریشان ہے۔ عوام کو بنیادی صحت کی سہولتیں میسر نہیں۔ کسان مزدور بے یارومددگار، صنعت اور قومی ادارے زوال پذیر ہیں۔ لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔