مزید خبریں

عام انتخابات کی درخواست : الیکشن کمیشن ،گورنر پنجاب کو نوٹس جاری

لاہور(نمائندہ جسارت) پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کردیے گئے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے حوالے سے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 فروری کو جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقوں کا ضمنی شیڈول جاری کردیا۔ صوبائی اسمبلی کے لیے عام انتخابات کا شیڈول جاری نہ ہونے سے حلقے کے ووٹرز کا استحقاق مجروع ہو رہا ہے۔ اسمبلیوں کی تحلیل کے 90 دن میں انتخابات کرانا آئینی تقاضا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے باوجود انتخابی شیڈول جاری نہ کرکے آئین سے انحراف کر رہا ہے‘ صاف و شفاف انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول کا اجرا جمہوری اساس ہے۔ آئین کے آرٹیکل 105 کے برعکس گورنر کی بدنیتی کی بنا پر انتخابی شیڈول جاری نہیں ہو رہا۔ عدالت الیکشن کمیشن کو پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے۔