مزید خبریں

خدمات کی برآمدات میں جولائی تا دسمبر 3 فیصد اضافہ

کراچی ( کامرس رپورٹر) وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں خدمات (سروسز) کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔برآمدات میں اس اضافے کا خاص طور پر تعلق آئی ٹی برآمدات سے ہے، یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اشیا کی برآمدات گزشتہ چند ماہ سے گراوٹ کا شکار ہیں۔خدمات کی برآمدات کی مالیت جولائی تا دسمبر کے دوران 3 ارب 52 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 3 ارب 43 کروڑ ڈالر تھی۔دسمبر میں خدمات کی برآمدات گزشتہ برس دسمبر کے مقابلے میں 68 کروڑ 89 لاکھ ڈالر سے 3.16 فیصد کم ہوکر 66 کروڑ 71 لاکھ ڈالر ہوگئی۔خدمات کی درآمدات جولائی تا دسمبر کے دوران 30.28 فیصد کی منفی نمو کے ساتھ 3 ارب 88 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس اسی مدت میں 5 ارب 57 کروڑ ڈالر تھیں۔دسمبر میں خدمات کی درآمدات 44.45 فیصد کم ہو کر اس سال 61 کروڑ 94 لاکھ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ برس ایک ارب 11 کروڑ ڈالر تھیں۔