مزید خبریں

پی پی ایل گیس مد میں بلوچستان کے بقایاجات ادا کرے،بزنجو

کوئٹہ(نمائندہ جسارتوزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پی پی ایل گیس کی مد میں بلوچستان کے بقایا جات جلد فراہم کرے، بصورت دیگر سخت اقدامات اٹھانے پرمجبور ہوجائیں گے،کوئٹہ میں کرکٹ میچ سے دنیا کو مثبت پیغام گیا ہے،مستقبل میں بھی میگا ایونٹ منعقد کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ ہائوس میںصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پی ایس ایل نمائشی میچ کے کامیاب انعقاد سے بلوچستان کے لیے کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں،میگاایونٹ میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی ،مستقبل میں بھی کر کٹ مقابلوں کا مسلسل انعقاد کیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس روز دہشتگردی کا بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تاہم دہشتگردی کی کوشش بھی میچ پر اثر انداز نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بڑے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں میڈیا نے کلیدی کردار ادا کیا، خواہش ہے کہ دہشتگردوں کی کارروائیوں کو میڈیا پر کوئی کوریج نہ ملے، اس طرح کی خبروں سے دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو سیکورٹی فراہم کرنا ہے تعلیمی ادارے ، سٹرکیں اور بازار بند کرنے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے، ہمیشہ سے سیکورٹی کے نام پر روٹس کو بند کرنے کے خلاف ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی مشکلات کا سامنارہا ، اب بھی بلوچستان حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے تاہم ریکوڈک منصوبے کی ایڈونس رقم اور این ایف سی ایوارڈ کے فنڈز ملنے سے بحران میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق بلوچستان کے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ بڑھائے کیونکہ زیادہ تر فنڈز سیکورٹی اخراجات میں صرف ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ریکوڈک منصوبہ شروع ہونے سے بلوچستان میں خوشحالی آئی گی ، پی پی ایل حکام سے بھی کہا کہ گیس کی مد میں بلوچستان کے بقایا جات جلد دیں بصورت دیگر صوبائی حکومت سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی۔