مزید خبریں

ـ4روز باقی ، پی ایس ایل 8ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی

کراچی( سید وزیر علی قادری ) پاکستان کرکٹ بورڈ کا سب سے بڑا برانڈ پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کی تقریب ٹرافی رونمائی آج لاہور میں منعقد ہوگی جبکہ میگا ایونٹ میں محض 5 روز باقی ہیں۔ افتتاحی میچ 13 فروری ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز دفاع کرے گی جبکہ چھٹے ایڈیشن کی فاتح اور گزشتہ سال کی رنر اپ ملتان سلطانز مدمقابل ہوگی۔ اس کے علاوہ 4 فرنچائز ٹیموں میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسلام آباد یونائٹڈ کراچی کنگز شامل ہیں۔ 2016 سے شروع ہونے والی لیگ دنیائے کرکٹ کی دوسری بڑی لیگ بننے کے لیے کوشاں ہے۔ ٹورنامنٹ ملتان کراچی لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ 14 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔ غیر ملکی کرکٹرز کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور ٹیموں کی پریکٹس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 6 ٹیموں کے کوچز مینجرز اور کپتانوں نے اپنے مداحوں کے نام پیغامات میں کہا ہے شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کوملے گی اور توقع ہے کہ تماشائی تمام وینیوز میں پہنچ کر ہماری حوصلہ افزائی کریں گے۔ واضح رہے کہ 34 میچز پر مشتمل ایونٹ کے 11 میچز راولپنڈی 9،9 کراچی لاہور اور 5 میچز ملتان میں شیڈول ہیں۔ ایونٹ میں 36 غیر ملکی کھلاڑی اپنے جوہر دکھائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 19 مارچ قذافی کرکٹ اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔