مزید خبریں

پلی بارگین ‘ رضاکارانہ رقم واپسی کرنیوالوں کی پوسٹنگ کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (آن لائن) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے ایف بی آر میں کرپشن کیسز میں پلی بارگین یا رضاکارانہ واپسی کرنے والوں کی پوسٹنگ سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں، کمیٹی نے ایف بی آر کے کورٹ کیسز کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی، کمیٹی کا کہنا تھا کہ جن افسروں کو سزا ملی وہ پھر انہی پوسٹوں پر آجاتے ہیں تو پھر کیا فائدہ ہوا؟ ۔ کمیٹی کا اجلاس کنوینئر نواب شیر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں ایف بی آر سے متعلق سال 2017-18 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، کنوینئر کمیٹی نواب شیر نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر تشریف نہیں لائے، چیئرمین کے نہ آنے کے جواز کو کمیٹی نے قبول کیا ہے ہمارے اپنے پیسے جو ملک کے اندر ہیں وہ لیے نہیں جارہے، حیران ہوں کہ آڈٹ کے جو بھی سوال ہیں آپ کا جواب نفی میں ہے، آپ کمٹمنٹ کرکے جاتے ہیں پھر پوری نہیں کرتے، آپ کے کیسز سالہا سال سے چل رہے ہیں، آپ افسران بھی ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کورٹ کیسز میں رقم پھنسی ہوئی ہے، کمیٹی نے کرپشن کیسز میں پلی بارگین یا رضاکارانہ رقم واپسی کرنے والوں کی ایف بی آر میں پوسٹنگ سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں ملک مختار نے کہا کہ کیا ایسے افسران کام کر رہے ہیں،جو پلی بارگین یا رضاکارانہ رقم واپسی میں آئے ہوں،اس حوالے سے کمیٹی کو رپورٹ بنا کر دیں، کمیٹی نے ایف بی آر کے کورٹ کیسز کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔