مزید خبریں

موٹروے کرپشن کے ملزم سے 30کروڑ روپے اور 2لگژری گاڑیاں برآمد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایم 6موٹروے کرپشن کے ملزم سے مزید30کروڑ روپے اور 2لگژری گاڑیاں برآمد ہوئیں، اغوا برائے تاوان کے ملزم کو عمر قید اور جائیداد ضبط کرنے کی سزادی گئی۔ تفصیلات کیمطابق حیدرآباد تاسکھر تعمیر کیے جانے والے موٹر وے ایم 6میگا کرپشن کیس میں گرفتار ملزم عاشق حسین کلیری کو جسمانی ریمانڈ ختم ہو نے کے بعد نیب نے احتساب عدالت حیدرآباد میں پیش کیا جہاں فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم سے ابھی تفتیش کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے نیب کی ٹیم نے اس کی کراچی گلشن اقبال میں واقع رہائش گاہ سے نیب نے مزید 30کروڑ روپے اور2لگژری گاڑیاں برآمد کیں جبکہ اس سے قبل ملزم سے14کروڑ روپے برآمد ہو ئے تھے اس طرح مجموعی طور پر اس سے 44کروڑ روپے برآمد ہو ئے ہیں تاہم ابھی تفتیش جاری ہے اور مزید وصولی کی توقع ہے جس کے بعد احتساب عدالت نے ملزم عاشق حسین کلیری کو مزید 5دن کے تفتیشی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کردیا ۔علاوہ ازیں 10 مئی 2021ء کو جامشورو تھانے کی حدود سے ٹیکسی ڈرائیوراسداللہ بھرٹ کو 5ملزمان نے کرائے پر ٹیکسی لینے کے بہانے سے اغوا کیا تھا اور اسے پنجاب لے جارہے تھے،ملزمان نے مغوی کے گھر والوں سے رہائی کیلیے 50 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا تھا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی ڈرائیور کی بازیابی کے بعداغوا برائے تاوان میں ملوث 5 ملزمان مرید عرف اکبر خاصخیلی، قمرالدین بلیدی، رابیل بلیدی، محبوب بلیدی اور مسماۃ ناہید کلہوڑو کو گرفتار کیا تھا،گزشتہ روزانسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک حیدرآباد کے جج ندیم احمد اخوند نے اغوا برائے تاوان کا جرم ثابت ہونے پر گرفتار ملزم مرید عرف اکبر خاصخیلی کو عمر قید اور منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنادی ہے، جبکہ عدالت نے گرفتار 4 ملزمان قمرالدین، رابیل،محبوب بلیدی اور ناہید کلہوڑو کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا ہے۔