مزید خبریں

جماعت اسلامی 5 فروری کو سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منائیگی

کراچی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 5 فروری کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا کے مطابق 5 فروری کو کراچی، حیدرآبا، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھرپارکر،نواب شاہ، سانگھڑ،میرپورخاص، گھوٹکی، خیرپور شکارپور،کندھ کوٹ اور ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیاں، مظاہرے، ہاتھوں کی زنجیر اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنمائوں کے علاوہ دیگر سیاسی، سماجی قائدین بھی خطاب کریںگے۔ کراچی میں مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، حافظ نعیم الرحمان، میرپورخاص میں مرکزی نائب امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، حیدرآباد میں مرکزی نائب امیر راشدنسیم، سکھرمیں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،نواب شاہ میں صوبائی امیرمحمد حسین محنتی ،لاڑکانہ میں کاشف سعید شیخ، شکارپور میں صوبائی نائب امیرپروفیسر نظام الدین میمن، گھوٹکی میں صوبائی نائب امیر ممتازحسین سہتو، کندھکوٹ میں صوبائی نائب امیرحافظ نصراللہ چنا،جیکب آباد میں علامہ حزب اللہ جکھرو،دادومیں عبدالحفیظ بجارانی،تھرپارکرمیں محمد افضال،بدین میں مولانا عبدالقدوس،ٹھٹھہ میں مولانا آفتاب ملک،شہدادپورمیں حافظ طاہرمجید، ٹنڈوالہیارمیں امتیازاحمد پالاری،جام شورومیں عبدالوحیدقریشی یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں کی قیادت و خطاب کریں گے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی، جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم میں بدل دیا ہے۔1275دنوں سے مسلسل کرفیو اور نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر شہید کرنے کے واقعات پر عالمی ضمیر اور حقوق انسانی کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکر ہے۔صوبائی رہنما نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کشمیر ریلیوں و اجتماعات میں بھرپور شرکت کرکے کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارتی ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔