مزید خبریں

ممنوع فنڈنگ کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع، توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عاید کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی پی/ آن لائن) عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان پرفرد جرم عاید کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ توشہ خانہ اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں عمران خان کی ضمانت میں توسیع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فردِ جرم عاید کرنے کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس دوران الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، عمران خان کے وکیل علی بخاری نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ڈائریکٹ نہ کریں، کورٹ سے بات کریں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے عدالت سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سابق وزیراعظم کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور اگلی سماعت پر ذاتی طور پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ بعدازاں عمران خان کی جانب سے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کے لیے 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرادیے گئے۔علاوہ ازیں بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوع فنڈنگ کیس میں عمران خان کو درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے وڈیو لنک پر حاضری کی درخواست مسترد کردی۔ منگل کو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنا کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس وقت نقل و حرکت نہیں کر پا رہے، ممنوع فنڈنگ کیس میں عمران خان نے کئی بینکوں سے ریکارڈ بھی لینا ہے۔ عدالت نے کہا کہ عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں‘ عمران خان نیچے آئیں حاضری لگوا دیں، نہ آئے تو ضمانت خارج ہوگی، تاریخ بدلنی ہے تو درخواست دیں اور سماعت10فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔ بعد ازاں کیس کے شریک ملزمان طارق شفیع اور فیصل مقبول کے وکیل راجا قدیر جنجوعہ نے تاریخ تبدیلی کی درخواست دائر کردی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 15 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ممنوع فنڈنگ کیس کی آئندہ سماعت 10کے بجائے 15فروری کو ہوگی۔ ادھر اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر حتمی دلائل طلب کر لیے۔