مزید خبریں

پلاٹ کی رقم کی واپسی سے متعلق درخواست پر کے پی ٹی سے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کے پی ٹی کی ہاکس بے پر 250 ایکڑ زمین پر ہائوسنگ سوسائٹی بنانے سے متعلق شہری کی درخواست پر کے پی ٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔سندھ ہائیکورٹ میں کے پی ٹی کی ہاکس بے پر 250 ایکڑ زمین پر ہائوسنگ سوسائٹی بنانے سے متعلق شہری شاکر الدین نے اپنے پانچ پلاٹس یا اس مد میں رقم حاصل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار نے بتایا کہ کے پی ٹی نے 2006 میں ہاکس بے پر 250 ایکڑ اراضی ہائوسنگ سوسائٹی کے لیے مختص کی۔ میں نے اپنی جائداد بیچ کر 5 پلاٹس خریدے۔ 2020 میں سپریم کورٹ نے زمین اپنی اصل حالت میں تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ زمین واپس کے پی ٹی کے قبضہ میں چلی گئی لیکن ہماری رقم واپس نہیں کی گئی۔ پلاٹس خریدنے والوں کی جمع پونجی دا ؤپر لگی ہے۔ ہمیں پلاٹس یا ادا کردہ رقم واپس دلائی جائے۔ عدالت نے درخواست پر کے پی ٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔