مزید خبریں

قیمتوں پر کنٹرول ، سرکاری وکیل کو تیاری کرکے پیش ہونے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دودھ اور دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا معاملہ، عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل کو تیاری کرکے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کی قیمتوں کے تعین کے لیے کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کے اختیارات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت کاکہناتھا کہ انتہائی اہم کیس ہے سن کر فیصلہ کریں گے، عدالت نے سرکاری وکیل کو تیاری کرکے پیش ہونے کی ہدایت کی ،درخواست گزار کاکہناتھا کہ12 سال پہلے دودھ کی قیمتوں کے تعین اور چھاپوں کا اختیار کمشنر کراچی کو دے دیا گیا، دودھ اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا جس محکمے کی ذمے داری ہے اسے نوٹیفکیشن کے ذریعے غیر فعال کردیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے حلف لینے بعد پہلے خطاب میں بلیک مارکیٹنگ کے لیے قانون سازی کا حکم دیا،1948ء سے آج تک بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے قانون سازی نہیں کی گئی، قائد اعظم ؒکی ایک ایک بات آج سچ ثابت ہورہی ہے،بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں،قائد اعظم ؒ نے اس وقت ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے لیے تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ تجویز کیا تھا، دودھ سمیت دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال اور کنٹرول کا اختیار کمشنر کراچی اور دیگر کو دے دیا گیا،کمشنر کراچی اور اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر کو چھاپے مارنے کا اختیار دینا غیر قانونی ہے، ہوڈنگ اینڈ بلیک مارکیٹنگ ایکٹ میں غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر سزاؤں کا تعین کیا گیا تھا۔