مزید خبریں

پشاور مسجد میں دھماکا کرنے والے ملک اور اسلام دشمن ہیں،سردار محمد یوسف

کراچی (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء حاجی محمد بشیر کی جانب سے دعوت کے موقع پر سابق وفاقی وزیر و مرکزی رہنماء سردار محمدیوسف نے پشاور کی مسجد میں ہونیوالے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں عین نماز میں دھماکا کرنے والے اور ان کے مدد گار اور منصوبہ ساز ملک اور اسلام کے دشمن اور کسی طور مسلمان نہیں یہ عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور اتحادی ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے انتھک کوشش کررہے ہیں اور جلد اچھے نتائج سامنے آئیں گے اور ملک و عوام دشمن طاقتوں کو شکست ہوگی ۔ مریم نواز کی آمد سے جمہوریت اور حکومت دشمن لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ان کے بیانیہ ایک ایک کرکے جھوٹ ثابت ہورہے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اتحادیوں کے نزدیک سیاست نہیں ریاست کی اہمیت سب سے افضل ہے جو قابل تعریف ہے ۔ اس موقع پر نصیر خان ، منصف جان، خورشید ہزاروی، تنویر احمد، وسیم ، سردار محمد یوسف کے کوآرڈینیٹر سندھ ماسٹر منیر، حماد خان ، یونس چغتائی، مشتاق عباسی، ندیم اختر آرائیں ودیگر بھی موجود تھے ۔ آخر میں میزان حاجی محمد بشیر نے تمام مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔