مزید خبریں

تانڈہ ڈیم سے مزید 13 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں‘ اموات 30 ہوگئیں

کوہاٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) کوہاٹ کے تانڈہ ڈیم میں ڈوبنے والے مزید 13 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے 7 بچوں کی تدفین کردی گئی ہے جبکہ کشتی بان، محکمہ انہار کے ایگزیکٹو انجینئر، ایس ڈی او اور سب انجینئر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور غیر ذمے داری کے سبب اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کا واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زیر علاج بچوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خیال رہے کہ ڈیم میں گزشتہ روز کشتی الٹنے سے 30سے زاید مدرسے کے بچے اور کشتی بان ڈوب گئے تھے جن میں سے 6کو بچا لیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر فرقان اشرف کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کو اسپتال لے جانے کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق کشتی میں ملاح اور معلم سمیت 40 بچے سوار تھے، حادثہ کشتی میں اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا، اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے جسے کل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔