مزید خبریں

مسلم ممالک نے قرآن کی بے حرمتی پر احتجاج نہیں کیا، راجا اظہر

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی و نائب صدر سندھ راجا اظہر کا سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر صدر مملکت کو خط، راجا اظہر نے کہا کہ واقعے پر حکومت پاکستان کا کوئی خاص ردعمل سامنے نہیں آیا، حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے، معاملے پر او آئی سی سمیت مسلم ریاستوں نے عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ نہیں کرایا۔ پی ٹی آئی اراکین کی سندھ اسمبلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف مذمتی قرارداد، حکومت پاکستان سے سنگین معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابقپاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی و نائب صدر سندھ راجا اظہر نے صدر مملکت کو خط میں کہا کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر حکومت پاکستان کا کوئی خاص ردعمل سامنے نہیں آیا، واقعے پر حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے، معاملے پر او آئی سی سمیت مسلم ریاستوں نے عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ نہیں کرایا، پاکستان صرف نام سے اسلامی جمہوریہ نہیں، ہم آئین کی رو سے بھی قرآن و سنت کو مقدم رکھتے ہیں، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے، قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کیخلاف سخت سزاؤں کا تعین ضروری ہے، اقوام متحدہ پابند کرے کہ قرآن مجید کی حرمت سے متعلق ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، سویڈن میں پیش آنے والے واقعے پر سویڈن ہائی کمیشن کو بذریعہ خط تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان و دیگر کی جانب سے جمع قرار داد کے متن میں اراکین اسمبلی نے کہا کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حکومت پاکستان سنگین معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کرے، واقعے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، پاکستان اور نیدر لینڈ حکام آئینی تقاضوں کے تحت ایسی حرکات پر سخت کارروائی یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں پیٹرولیم کی قیمتوں میں 35 روپے اضافے کی مذمت اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں، پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا۔