مزید خبریں

مسلط حکمراں ٹولہ عوام کا خون نچوڑنے میں لگا ہے،حسین محنتی

کراچی‘ کندھ کوٹ(نمائندگان جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی پارٹیاں عوامی مسائل حل اور ملک کو بحران سے نکالنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں، حکمرانوں کی مفاد پرستانہ اور مغرب کی غلامانہ پالیسیوں نے معیشت کو تباہ اور ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔75سال سے ملک پرمسلط حکمران ٹولہ غیروں کے مفادات کی تکمیل اورعوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے۔قوم کو اس وقت لیڈرشپ کی ضرورت ہے جوغیروں کی غلامی کے بجائے ان کے دکھوں کا مداواکرے۔سرمایہ دارانہ نظام وکرپٹ قیادت نہیںبلکہ اسلام کا عادلانہ نظام اور مخلص ودیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو موجودہ مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے جماعت اسلامی نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ملک میں آزادی اظہار کی بات کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھ کوٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا، قبل ازیں صوبائی امیر نے کندھ کوٹ پریس کلب کی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب مسعود عالم سومرو،صوبائی نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی ودیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ جاگیردار ٹولے اور وڈیرہ شاہی نظام نے تیل وگیس اور قدرتی وسائل سے مالا مال سندھ کو اجاڑ کررکھ دیا ہے، دورجدید میں بھی اہل سندھ عملی طور پر پتھر کے دور اور زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ضلع کشمور سمیت پورا سندھ اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے ، گزشتہ 15سال سے برسراقتدار پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو مہنگائی، بدامنی، بیروزگاری اور محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، تبدیلی وخوشحالی اورمحرومیوں کے خاتمے کے لیے عوام کو بیدرای کا ثبوت دینا پڑے گا،صوبائی امیرنے کندھکوٹ میںضلعی نظم اور ضلع بھرکے مقامی جماعتوں کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب،تنظیمی ودعوتی امورکاجائزہ،ارکان جماعت سے انفرادی ملاقاتیں اورضلعی رہنما تعلیمی ماہر استاد بشیراحمد ہاجانو کی رہائش گاہ پہنچ کران کی بھابھی کی وفات پرتعزیت مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔