مزید خبریں

نائلہ رند قتل کیس، ملزم کو عمر قید اور2لاکھ روپے جرمانے کی سزا

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جامعہ سندھ کی طالبہ نائلہ رند قتل کیس میں جرم ثابت ہو جانے پر اے ٹی سی نے ملزم انیس خاصخیلی کو عمر قید اور2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ 31دسمبر 2016ء کو جامعہ سندھ شعبہ سندھی کی طالبہ نائلہ رِند کی لاش یونیورسٹی کے ماوری ہاسٹل کے ایک کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہو ئی ملی تھی جس کا معلوم یکم جنوری2017ء کو اس وقت ہوا جب نائلہ اپنے کمرے سے باہر نہیں آئی ،پولیس نے موبائل فون کی مدد ملزم انیس خاصخیلی کا پتہ لگایا اور حقائق کی روشنی میں اس پر انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت حیدرآباد میں مقدمہ چلایا گیا تاہم ملزم انیس خاص خیلی ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔ پیر کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت حیدرآباد مقدمہ کا فیصلہ اے ٹی سی کے جج ندیم احمد آخوند نے ملزم کی موجودگی میں سنایا اور انیس احمد خاصخیلی کو جرم ثابت ہو جانے پر عمر قید اور2لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ الیکٹرونک میڈیا کرائم کیس میں اسے مزید 6ماہ قید اور25ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی ہے ملزم انیس خاصخیلی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے جام شورو پولیس نے سینٹرل جیل پہنچا دیا ہے ۔