مزید خبریں

جماعت اسلامی سندھ کی پشاور دھماکے کی شدیدمذمت

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے پشاورپولیس لائن میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے عوام پر مہنگائی کاعذاب مسلط کرنے، بھوک،بدحالی، بیروزگاری کے بعد بدامنی اور دہشت گردی کا جن عوام کی جانیں نگل رہا ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے کے بجائے مخالفین کی پکڑ دھکڑ،طنزکرنے اور اپنی حکومت کو مزید طول دینے کی منصوبہ بندی کے سوا کچھ نہیں ہے۔پیٹرولیم مصنوعات
کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیا خورونوش کی قیمتوں،ٹرانسپورٹ کے کرایوں میـں ہوشربا اضافہ ہوچکا اب دہشت گردی کا جن لوگوں کی جانیں نگل رہا ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی کو بھی عوام کی پروا نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پشاور مسجد میں بم دھماکا اور 44سے زایدنمازیوں کی شہادت المناک واقعہ ہے جس پر ہر پاکستانی کی آنکھ اشکبار ہے عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے مگر افسوس موجودہ حکمران ٹولہ اپنے مفادات کے تحفظ کے سوا کچھ نہیں کررہا ہے ۔جماعت اسلامی سندھ پشاور دھماکے میں شہدا کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل،زخمیوں کی جلد کامل صحت یابی کی دعا کرتی ہے۔صوبائی رہنما نے زخمیوں کا سرکاری خرچ پر بہترین علاج اور شہدا کے لواحقین کے لیے مناسب معاوضے کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔