مزید خبریں

مٹی کا شیر آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ،یونس قائمخانی

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ٹنڈوالہیار کے نائب امیر محمد یونس قائم خانی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، حکومت عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کر رہی ہے، نااہل حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا، حکومت دراصل عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کر رہی ہے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پیٹرول کے بعد گیس ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور منی بجٹ ثابت کرتا ہے کہ شہباز شریف عوام دشمن وزیراعظم ہیں، ملک بچانے کے نام پر عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہیں۔ عوام نااہل، کرپٹ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے نجات سمیت پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی حکومت سے نجات کے لیے بیدار ہو نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کا شیر آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہو گیا۔ لندن سے بڑھکیں مارتے ہوئے روانہ ہوئے تھے کہ ڈالر کو 200 سے نیچے لے آؤں گا اور آئی ایم ایف سے بات نہیں ہوگی اور اب آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گئے ۔ قوم مہنگائی، بیروزگاری اور اشیاء کی عدم دستیابی کی چکی میںپس رہی ہے اور نواز شریف رشتہ داریاں نبھا رہے ہیں۔