مزید خبریں

سویڈن کو بڑا دھچکا‘ اردوان کا نیٹو رکنیت کیلیے فن لینڈ کی حمایت کا عندیہ

انقرہ (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ فن لینڈ کی نیٹو اتحاد میں شمولیت پر راضی ہوسکتا ہے لیکن سویڈن کی شمولیت پر رضا مندی ظاہر نہیں کرے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے حالیہ بیان میں سویڈن کی جانب سے مبینہ طور پر کرد عسکریت پسند گروپوں اور ان کی حکومت کے دیگر ناقدین سے منسلک درجنوں افراد کی حوالگی سے انکار پر تنقید کی۔ اردوان نے کہا کہ ’’ہم نے سویڈن کو 120 افراد کی فہرست دی اور ان سے کہا کہ وہ ان دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کر دے، اگر سویڈن ان افراد کو ہمارے حوالے نہیں کرتا تو ترکیہ فن لینڈ کے بارے میں مختلف ردعمل دے سکتا ہے مگر سویڈن کو صدمہ پہنچے گا‘‘۔ خیال رہے کہ چند روز قبل سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذرآتش کرنے کے بعد ترکیہ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا اور ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے حوالے سے جاری بات چیت کے عمل کو بھی معطل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے جواب میں سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کیلیے درخواست دی تھی جسے دیگر رکن ممالک کی جانب سے منظور کیا گیا مگر ترکی کی جانب سے تاحال رضا مندی ظاہر نہیں کی گئی۔