مزید خبریں

مسجد ابراہیمی کے قریب فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مسجد ابراہیمی کے قریب 26سالہ نسیم نایف سلمان ابو فودہ کو شہید کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ مغربی کنارے کے شہرالخلیل میں مسجد ِابراہیمی کے جنوب میں واقع فوجی چوکی پر پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران شہید کے سر میں گولی لگی اور وہ دوران علاج تمام تر کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکا ۔ ادھر اسرائیلی فوج نوجوان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب اسرائیلی قابض اتھارٹی نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی خاندان کو بے گھر کر دیا ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی خاندان مشرقی بیت المقدس میں جبل مکبر کے قریب رہایش پزیر تھا۔ ان کا گھر گرانے کے لیے اسرائیلی قابض اتھارٹی نے اپنے روایتی حربے کے طور پر بغیر لائسنس کے تعمیر کا بہانہ گھڑا۔ اسرائیلی فوج اور پولیس کی سیکورٹی میں بلڈوزرو ں نے فلسطینی قیدی کے بھائی حسام کی ملکیت 2منزلہ مکان مسمار کردیا۔ اس دوران گھر کے مکینوں نے احتجاج کی کوشش کی جس پر قابض فوج نے ان پر ربڑ کی گولیاں برسادیں۔ 15 سال پہلے بنائے گئے گھر میں 8افراد مقیم تھے اور اسرائیلی اتھارٹی اس گھر کی تعمیر کے سلسلے میں 7لاکھ شیکل جرمانہ وصول کر چکی تھی۔ مقامی فلسطینی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صہیونی بلدیہ نے بیت المقدس ہی میں 4عمارتوں کو مسمار کرنے کا نوٹس دیا ہے۔ ان 4میں 2رہائشی یونٹ ہیں ،جب کہ 2زرعی فارم ہیں۔