مزید خبریں

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزے پر آج سے مذاکرات شروع ہوں گے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن آج 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا اور نویں اقتصادی جائزے پر آج (منگل)سے مذاکرات شروع ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے کی تکمیل پر پروگرام ٹریک پر آنے اور ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ مذاکرات میں آئی ایم ایف کو جولائی تا دسمبر 2022ء معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات اور اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس محاصل، ایکسچینج ریٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کو کرنٹ اکائونٹ خسارے، انرجی سیکٹر اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، جب کہ گردشی قرضے اور نجکاری پروگرام میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن کی آمد سے قبل ہی متعدد شرائط پوری کی جاچکی ہیں اور بجلی و گیس کے بارے میں بھی جلد فیصلہ متوقع ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی معاہدے کی تکمیل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔