مزید خبریں

لاڑکانہ: الیکٹرونکس اور میڈیکل اسٹور سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) امن و امان کی بگڑتی ہوئی خراب صورتحال کے باعث تاجر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے، مسلح ملزمان نے ایک ہی روز میں الیکٹرونکس اور میڈیکل اسٹور سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود نشتر روڈ پر واقع الیکٹرونکس کی دکان میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ اسلحے کے زور پر دکان مالک ذوالفقار سندیلو اور ان کے ملازمین کو یرغمال بناکر 7 لاکھ 10 ہزار روپے نقدی اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب شہر کے تھانہ دڑی کی حدود مراد واہن میں مسلح افراد سندیپ میڈیکل اسٹور میں گھس کر اسلحے کے زور پر 80 ہزار روپے نقدی اور ایک موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ دونوں واقعات کے متاثرہ تاجروں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے پہنچ کر تفصیلات معلومات کیں، جہاں متاثرہ تاجروں نے احتجاج کرکے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی ہے کہ مسلح ملزمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی نقدی اور موبائل واپس کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔