مزید خبریں

قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ایچ یو جے (ورکرز) کا احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سوئڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں صحافیوں ، کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافرز نے شرکت کی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ، جنرل سیکرٹری امجد اسلام، ایف ای سی کے ممبران عمران پاٹولی اور ممبر گورننگ باڈی غلام قادر توصیفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوئڈن میں جس طرح قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی ہے اس کے بعد پوری دنیا سراپا احتجاج ہے لیکن افسوس آزادی اظہار رائے کے نام پر اس طرح کی دہشت گردی کا کوئی نوٹس لینے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافی بھی سراپا احتجاج ہیں ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ قرآن پاک کا تقد س اور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اور اگر یہ دہشت گردانہ اسلام دشمن اقدامات نہ کیے گئے تو پھر مسلمانوں کو اپنا واضح موقف اختیار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت مسلمانوں کی دل آزاری کے واقعے کا نوٹس لے اور سوئڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس گستاخانہ عمل کے پیچھے چھپے کفار کے چہروں کو بے نقاب کرے۔