مزید خبریں

پیٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور فی الفو ر قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس چکی ہے۔ ہر طرف پنجاب سے خیبر تک پیٹرول کی قلت کے باعث شہری خوار ہورہے ہیں۔ایک طرف پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں اور دوسری طر ف حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18روپے فی لیٹر اضافہ کرکے عوام پر پیٹرول بم گرادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام ملک و قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی اہلیت سے عاری ہے۔ ان حکمرانوں میں اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی آئی ایم ایف کی غلامی کو ہنس کر قبول کیا ہے۔ دنیا میں کوئی ایک ملک بھی ایسا نہیں جس نے آئی ایم ایف سے قرض حاصل کر کے ترقی کی ہو۔ منافع بخش ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ معاشی عدم استحکام انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کرچکا ہے۔ اگرہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ قرضے بڑھتے چلے جارہے ہیں جبکہ سرمایہ کاری دن بدن سکڑتی چلی جارہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان لوگوں کو مسترد کرے اور ایسی قیادت منتخب کی جائے جو محب وطن ہو۔