مزید خبریں

ن لیگ شاہد خاقان عباسی کی سیاسی سرگرمیوں سے پریشان

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی مختلف سیاسی دھڑوں کے رہنماؤں کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں سے ن لیگ کی مرکزی قیادت پریشان ہے اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے مریم نواز کی سربراہی میں ن لیگ کے وفد کی ان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ لیگی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نے کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی ایک
سیاسی دھڑے کے ہمراہ سیاسی سرگرمیوں سے مسلم لیگ ن کی قیادت پریشان ہوگئی ہے جس پر مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے ۔ذرائع کا مزید کہناہے کہ شاہد خاقان عباسی کو پارٹی قیادت کے کئی بڑے فیصلوں پر تحفظات ہیں،شاہد خاقان عباسی مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بنانے کے حق میں نہیں تھے جبکہ پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے عملا ہٹایا جانا شاہد خاقان عباسی کی ناراضگی کا بڑا سبب ہے اور اسی لیے اپنی جگہ مریم نواز کو اچانک مسلم لیگ ن کا سینئر نائب صدر بنانے کا فیصلہ شاہد خاقان عباسی کے لیے سرپرائز تھا۔ لیگی ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ شاہد خاقان عباسی مریم نواز کے استقبال کیلئے لاہور بھی نہیں گئے تھے،شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ ن کے اندر کئی رہنمائوں کی حمایت حاصل ہے،نوازشریف کی ہدایت پر مریم نواز شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گی ، مریم نواز کی شاہد خاقان عباسی سے جلد ملاقات بھی متوقع ہے ۔