مزید خبریں

غاصب حکمرانوں نے مزدوروں اور 22 کروڑ عوام کو غلام بنایا ہوا ہے،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غاصب حکمرانوں نے مزدوروں اور22 کروڑ عوام کو غلام بنایا ہوا ہے ، سندھ کے جاگیردار حکمرانوں نے کراچی کی صنعتوں کو تباہ کر دیا ہے ، این ایل ایف مزدوروں کے لیے چھتری کا کام کرے گی، جماعت اسلامی بھی مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی ، کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو بڑے پیمانے ووٹ دے کراسے کراچی کی نمبر ون جماعت بنایاہے، ہم عوامی مینڈیٹ کا بہر صورت تحفظ کریں گے ، میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا،ہم نے کراچی کی تعمیر وترقی اور روشن مستقبل کے لیے تمام پارٹیوں سے رابطہ کیا ہے ، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، کراچی کی ترقی پر سیاست بازی کرنے کے بجائے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہوجائیں،سینیٹ کے انتخاب کی طرح اگرمیئر کے انتخاب کے موقع پر بلدیاتی نمائندوں کی منڈیاں لگانے کی کوشش کی گئی تو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ، جماعت اسلامی کا میئر کراچی میں رہنے والے مزدوروں، صنعت کاروں، ڈاکٹرز،وکلا ، انجینئر سمیت ہر مکتب فکر سے وابستہ شہری کا میئر ہوگا اور بلا رنگ و نسل لسانیت وعصبیت سے بالاتر ہوکرسب کے مسائل حل کرائے گا ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نور حق میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے تحت جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی کے حوالے سے مزدوروں کے جلسہ اظہار تشکر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد ایوب خان ، صدر این ایل ایف کراچی خالد خان ،جنرل سیکرٹری قاسم جمال ،این ایل ایف کراچی کے نائب صد ر محمد اقبال آفریدی، پریم یونین ریلوے (سی بی اے )کراچی ڈویژن کے صدر راجا عبدالمناف، ہوم وومن ورکرز کراچی کی صدر شاہدہ کھوکھر، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جنرل ایمپلائز یونین کے صدر صغیر احمد انصاری ، نائب صدر محمد سلیم،صدر پورٹ قاسم آزاد یونین محمد زیب ،جوائنٹ سیکرٹر ی امیر اعوان ،رانا نسیم ، شمع احسان ،جویریہ ساجدودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ مزدوروں کوظالموں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے،مظلوموں کے مقابلے میں ظالموں کی تعداد بہت کم ہے،ریاست اور حکومت کی ذمے داری ہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرے،ریاست اور حکومت کی ذمے داری ہے کہ مزدوروں کے حقوق فراہم کرے،محنت کش محنت کرتا ہے تو ملک کا پہیہ چلتا ہے،کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں کامیاب کرایا ہے،جماعت اسلامی کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی، ہم نے جماعت اسلامی کے مئیراور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام جماعتوں سے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ملاقاتیں کیں ہیں، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ کے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس لیے ہم کہتے ہیں کہ تمام پارٹیاں مل کر جماعت اسلامی کے مئیر کا ساتھ دیں، ہم کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ جماعت اسلامی اول روز سے ہی مزدوروں پر ہونے والے ظلم کے خلاف جدوجہد کررہی ہے،کراچی سمیت پورے ملک میں مزدوروں کو ان کے حقوق سے محروم کیا جارہاہے،فیکٹریوں اور کمپنیوں میں کام کرنے والی خواتین معمولی اجرات کے عوض کام کرایا جاتا ہے،حکمران او رکرپٹ ٹولے نے مزدوروں کو غلام بنایا ہوا ہے، ہم مزدور بھائی اور بہنوں سے کہتے ہیں کہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں،فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے غلامی سے نجات چاہتے ہیں،صنعت کار بھی مزدوروں کی آواز بن کر جاگیردارانہ آمریت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں،مزدوروں کے لیے نیشنل لیبر فیڈریشن کا پلیٹ فارم موجود ہے،جاگیراروں اور وڈیروں نے صنعتوں کو تباہ و برباد کردیا ہے،جماعت اسلامی کی تحریک کراچی میں رہنے والے ہر مکتب فکر سے وابستہ افراد کے لیے ہے،آنے والا دور استحصال کرنے اور ظلم کرنے والوں کے خلاف ہوگا۔خالد خان نے کہاکہ نیشنل لیبر فیڈریشن نے کراچی کے مزدور محنت کشوں کے لیے آواز اٹھائی ہے ،بالخصوص فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق کی آواز بلند کی ہے ، کراچی میں لاکھوںمزدور بے روزگار ہوگئے ہیں ،کارخانے بند کر دیے گئے ہیں ، بے شمار گارمنٹس اور گھروں میں قائم چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والے کارخانے بھی ناپید ہوتے جارہے ہیں ، جس کی سب سے بڑی وجہ سے حکومتی پالیسیاں ہیں ،حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے فیکٹریاں اور کارخانے بند کردیے گئے ہیں ،ہم حافظ نعیم الرحمن سے اپیل کرتے ہیں کہ محنت کشوں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر بند کی گئیں فیکٹریوں اور کارخانوں کو کھلوائیں تاکہ مزدوروں کے مسائل حل ہوسکیں ۔