مزید خبریں

حکومت نے عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا،سردار عبدالرحیم

کراچی(اسٹاف ر پورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) کے اطلاعات سیکرٹری سردار عبدالر حیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات میں ریلیف دینے کے بجائے عوام کو مزید مہنگائی کی دلدل میںدھکیل دیا ہے، یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کی۔ سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کرپٹ اتحادی حکومت اپنی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں کم کرنے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا بم گرا رہی ہے۔ حکمرانوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے پاکستانی عوام کو آئی ایم ایف کی بارودی سرنگوں پر دھکیل دیا ہے، نااہل اتحادی سرکار نے غریب مارنے کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ اور نااہل حکومت کے نیب زدہ وزرا اپنی کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں، ڈالر اور سونا بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آسمان سے باتیں کرنے لگا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔