مزید خبریں

بجلی کی قیمت میں فوری اضافہ نہیں ہورہا، خرم دستگیر

 

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں فوری طور پر کوئی اضافہ نہیں ہو رہا نہ ہی بجلی کی بنیادی قیمت میں کوئی اضافہ زیر غور ہے،خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹے میں اپر چترال میں بجلی کی فراہمی شروع ہو گی۔ یہ بات انہوں نے اپر چترال میں نجی بجلی کے نظام کو پیسکو میں شامل کرنے کے حوالے سے پشاور گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پیڈو کو نیشنل گرڈ پر لے جانے کے لیے قانونی معاملات کو ٹھیک کر نے کا کہا ہے، 3 ارب کے واجبات ادا کرنے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا کے ساتھ مل کر معاملات کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چترال کے عمائدین نے وزیر اعظم کو کہا تھا کہ انہیں بجلی کی فراہمی کم ہے، اپر چترال میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر آج اپر چترال کے لوگوں سے مشترکہ اجلاس کیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ یکم فروری سے اپر چترال کو بھی لوئر چترال کی طرح بجلی فراہم ہو گی، چترال کی بجلی کی فراہمی میں بلنگ کے بعد اضافہ ہو گا، آج اس حوالے سے اپر چترال عمائدین سے معاہدہ بھی کیا جس میں گورنر بطور گواہ ہیں۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ واجبات کے حوالے سے بھی ایک مہینہ میں رپورٹ مرتب ہو گی، معاہدے پر پورا عملدرآمد کریں گے، بلنگ بہتر ہونے سے بجلی فراہمی میں مزید اضافہ کیا جائے گا، بہت عرصے سے یہ مسئلہ تاخیر کا شکار تھا۔