مزید خبریں

قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ‘ شہباز شریف

 

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈنمارک کے سیاستدان کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی انتہائی قابل مذمت اقدام ہے،اس سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔اتوار کو اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ڈنمارک کے ایک سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا تیسرا واقعہ ہے،جس کی مہذب معاشرے کی جانب سے مذمت کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف لڑنے کے لئے عالمی یکجہتی کی فوری ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی۔اس واقعہ سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے اور رہے گی۔وزیراعظم نے پنجاب بار کونسل کے نومنتخب عہدیداروں اور عاصمہ جہانگیر گروپ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری کوششوں سے پہلی بار وکلا تنظیموں اور بار کونسلز کے لیے سالانہ بجٹ میں خطیر رقم مختص ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ گرانٹ اِن ایڈ میں اضافے سے وکلا کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو تقویت ملی، مستقبل میں بھی ہر ممکن اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر گروپ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، یہ گروپ ہمیشہ آئین کی سربلندی، قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کھڑا ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب عہدیدار اپنے گروپ اور وکلا برادری کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے۔شہباز شریف نے بشارت اللہ خان کو وائس چیئرمین، طاہر شبیر کو چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے فاتح گروپ کے سربراہ احسن بھون اور ان کے ساتھیوں کو بھی مبارکباد دی۔