مزید خبریں

اسلام آباد اور بالائی علاقوںمیں بارش وبرفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) آئندہ24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھو ہار، خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی و وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔ہفتہ کو محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر مغربی اور بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا۔تاہم شمال/شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علا قوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔تاہم کوئٹہ (شیخ ماندا،سمنگلی) اور جیوانی میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 14، کالام منفی 11، چترال، گوپس منفی 08، پاراچنار منفی07، استور،قلات،مالم جبہ منفی 06، میرکھانی،کوئٹہ اور اسکردو میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موٹروے پولیس نے بارش اور برف باری کے دوران سفرکرنے والے روڈ صارفین کیلیے ایڈوائزری جاری کردی۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے28 سے30 جنوری تک بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے، قومی شہراہوں پر سفر کرنے والوں سے گزارش ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں اور موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔