مزید خبریں

الخدمت کراچی اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے درمیان معاہدہ

کراچی (نمائندہ جسارت) الخدمت کراچی اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے درمیان میڈیکل کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب پورٹ قاسم اتھارٹی میں منعقد ہوئی ،اس موقع پر ایگزیگٹوڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،سیکرٹری پورٹ قاسم ٹیپو سلطان ، سینئر سپرنٹنڈنٹ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال ڈاکٹر ظفر اقبال و دیگر موجود تھے ۔معاہدے کے تحت الخدمت کی جانب سے پورٹ قاسم اتھارٹی میں کام کرنے والے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو الخدمت شعبہ میڈیکل کے مراکز سے طبعی سہولیات فراہم کی جائیںگی جس میں او پی ڈی ، ڈائیگنوسٹک ،فارمیسی ، اور ایڈمیشن کی سہولیات شامل ہے ،ملازمین الخدمت کی کسی بھی طبعی مرکز سے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے ۔اس موقع پر ایگزیگیٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ الخدمت بلا رنگ و نسل شہر بھر میں اعلی طرز کی طبعی سہولیات فراہم کر رہی ہے ،اس مہنگائی کے دور میں عام افراد کے لیے علاج معالجہ بہت مشکل ہوتا جا رہا ہے اسی کے پیش نظر الخدمت جدید طبی سہولیات نہایت کم ریٹ میں عوام کوفراہم کر رہی ہے تاکہ مہنگائی کی چکی میںپسے ہوئے لوگ آسانی سے اپنا علاج کرا سکیں ۔پورٹ قاسم اتھارٹی کا الخدمت کے ساتھ معاہد اس بات کی عکاسی ہے کہ الخدمت ایک معیاری اور جدید صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ ہے ۔سیکرٹری پورٹ قاسم ٹیپوسلطان شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ الخدمت پاکستان بھر میں خدمت کا بھر پور کام کر رہی ہے ،ہم امید کرتے ہیں کہ الخدمت کی جانب سے ہمارے ملازمین کو صحت عامہ کی سہولیات روایتی جذبے کے ساتھ فراہم کی جائینگی ،پورٹ قاسم اتھارٹی اپنے ملازمین کی فلاح و بہبودکے لیے مؤثر اقدامات کرتی آرہی ہے اور الخدمت سے یہ معاہدہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔