مزید خبریں

میرپورخاص :سرد موسم کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آ سکی

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص اور اس کے گردونواح میں موسم سرد ہو گیا ،بجلی کے صارفین کو اُمید ہو چلی تھی کہ اب لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئے گی لیکن حیسکو کی جانب سے ماضی میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے تھا اور ہر 4 گھنٹے بعد 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی لیکن گزشتہ 2 ماہ سے حیسکو کی جانب سے شہری علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے بڑھا کر 12 گھنٹے کر دیا اور ہر 2 گھنٹے بعد اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے صارفین کے برقی آلات ناکارہ ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مرمتی کام کی وجہ سے بھی گزشتہ 5 روز سے صبح ساڑھے 7 بجے سے شام 6 بجے تک بجلی کی فراہمی بند کی جارہی ہے جس کی وجہ سے گھروں اور مساجد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔ صارفین نے وزیراعظم، وفاقی وزیر توانائی اور حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ موسم تبدیل ہونے کے بعد بجلی کی طلب میں کمی آئی ہے اس لیے بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کر کے صارفین کو سہولیات فراہم کی جائیں۔