مزید خبریں

قدم گاہ مولا علی سے متصل علاقے میں کام کی رفتار تیز کی جائے ، عاجز دھامراہ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان و ٹکٹ ہولڈر پی ایس 66 حیدرآباد سینیٹر عاجز دھامراہ نے قدم گاہ مولا علی پر حاضری دی اور قدم گاہ مولا علی کے ساتھ روڈ پر واقع سیوریج لائن پر اپنے فنڈ اور حکومت سندھ کے تعاون سے جاری کاموں کا اسٹیشن روڈ، قدم گاہ سے کوہ نور چوک تک 24 انچی سیوریج لائن کے کاموں کا جائزہ لیا جو 10 یوم میں مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد قدم گاہ روڈ پر سیوریج کے پانی کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوجائے گا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سید غلام مصطفی شاہ، واسا کے اعلی افسران اور تاجر برادری کے نمائندوں بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سینیٹر عاجز دھامراہ نے واسا حکام کو ہدایت دی کہ قدم گاہ مولا علی سے متصل علاقے میں کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبے کو جلد سے جلد سے مکمل کیا جائے۔اس موقع پر اراکین انجمن امامیہ سندھ کے متولی و منتظم قدم گاہ مولا علی نے سینیٹر عاجز دھامراہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دورے کے موقع پر سینیٹر عاجز دھامراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نصب العین اور منشور میں عوامی مشکلات دور کرنا اور انہیں روٹی، کپڑا، مکان کی فراہمی شامل ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے عوامی خدمت اپنا فرض سمجھتے ہوئے ادا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقے کے مکینوں،تاجر برادری اور قدم گاہ مولا علی کی انتظامیہ نے سنیٹر عاجز دھامراہ سے درخواست کی تھی کہ یہاں آئے روز سڑکوں پر پانی بھر جاتا ہے جس کی شکایات متعلقہ محکموں کے افسران سے متعدد بار کی جاچکی ہے۔