مزید خبریں

عمران خان کیساتھ مکافات عمل ہوگا،زندگی روتے ہوئے گزرے گی،مریم نواز

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے نواز شریف کی جلد وطن واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں اور معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں، خود اپنی حکومت توڑنے والا اب رو رہا ہے، عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا، زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی، نوجوانوں کو مسلم لیگ (ن) میں لا کر پارٹی کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں، پارٹی پہاڑ کی طرح مضبوط ہے، شاہد خاقان عباسی کی پارٹی سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔ لندن میں تقریباً4 مہینے قیام کے بعد واپس آنے کے بعد لاہور ائر پورٹ پر جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کو خوش خبری سنادوں کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوگا‘ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں‘ نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کر دیا ہے، جس کی9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75 سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے، پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ 8 مہینے کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 4 سال کا حساب ہوگا، 4 سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا، اسحق ڈار پر اعتماد کرو ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو طعنے دینے والو سن لو، ابھی چند دن پہلے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے، چند دن پہلے تک پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ان کی حکومت تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی ان کی حکومت ہے اور الزام مسلم لیگ (ن) کو دیتا ہے لیکن لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پنجاب میں آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی‘ اللہ کا شکر ہے، ظلم اور جبر کے باوجود ان کے آگے جھکنے نہیں دیا اور آج ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو کہتی ہوں ذرا حوصلہ کرو، ٹی وی اسکرین پر ان کو روتے دیکھتی ہوں تو ان پر ترس آتا ہے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز ہفتے کو کمرشل پرواز کے ذریعے ابوظبی سے لاہور پہنچیں۔