مزید خبریں

زرداری پر الزام: پیپلزپارٹی کا عمران کیخلاف کارروائی کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ’قتل کے منصوبے‘ کے الزام کی شدید مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی گھنائونا الزام ہے ، عدالت عظمیٰ عمران خان کے بیان کا نوٹس لے اور تحقیقات ہونی چاہیے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ عمران خان کی الزام لگانے کی روایت نئی نہیں، وہ سیاسی طور پر مر چکے، ڈپریشن اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کبھی الیکشن کمیشن کبھی سابق آرمی چیف پر الزام لگاتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ عمران خان جب بھی مشکل اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اپنی ناکامیوں کو اپنے مخالفوں پر ڈال کر سنسنی خیزی پھیلاتے ہیں اور اداروں پر حملے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی پوری تاریخ الزام تراشی پر گردش کرتی ہے، اس سے قبل بھی انہوں نے اپنے خلاف عالمی سازشوں کا شوشا چھیڑا تھا۔