مزید خبریں

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کا دفتر ضبط کرنے کا حکم

نئی دہلی،اسلا م آباد(صباح نیوز)دہلی کی ایک عدالت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فنڈنگ سے متعلق ایک جھوٹے کیس میں سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفترکو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ بھارتی عدالت کے فیصلے پر حریت کانفرنس نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کی کینگرو عدالتیں متنازع علاقے میں کشمیریوں پر اپنے فیصلے مسلط نہیں کرسکتیں، میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے ایڈیشنل سیشن جج شیلندر ملک نے راج باغ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹر کو ضبط کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے مضحکہ خیز آبزرویشن دی کہ حریت دفتر وہ جگہ ہے جہاں احتجاج اور فنڈنگ کے لئے حکمت عملی بنانے اور جموں کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کے لیے اجلاس ہوتے تھے۔ادھر الجزائر میں منعقد ہ عالمی پارلیمانی کانفرنس کے ایجنڈے میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کی پیش کردہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر قرارداد ایجنڈے میں شامل کرلی گئی قراردادمیں کہا گیا ہے کہ فاشست بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلافِ ورزیوں کا بازارِ گرم کر رکھا ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلافِ ورزیوں کا نوٹس لے ۔