مزید خبریں

قرآن مجید کی تعظیم مسلمانوں کیلیے سرخ لائن ہے، احسن ناغڑ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں سمیت مسیحی اور ہندو کمیونٹی کے رہنمائوں نے سو یڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی گھنائونا اور ناقابل برداشت عمل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ قرآنِ مجید محض کوئی لٹریچر نہیں بلکہ خالقِ کائنات کا کلام ہے جس کی تعظیم دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سرخ لائن کی حیثیت رکھتی ہے اس کی اہانت سے نہ صرف اربوں انسانوں کے دل زخمی ہوئے بلکہ جذبات بھی بری طرح مجروح اور مشتعل ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد احسن ناغڑ کے زیر اہتمام حیدرآباد پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس سے کرسچن کمیونٹی کے فادر شہزاد کھوکھر،ہندو کمیونٹی کے ایم پرکاش ایڈووکیٹ، شیعہ علما کونسل سندھ کے سینئر نائب صدر سید معظم شاہ جہانیاں، جماعت اہلسنّت پاکستان حیدرآباد ڈویژن کے نائب ناظم اعلی محمد نعیم اختر رضوی، آرگنائزیشن ہذا کی ایگزیکٹو کنونیئر رفعت زیدی، ڈپٹی کنونیئر نواب الدین قریشی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی قرآن پاک کی بے حرمتی کا یہ عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا کا مظہر ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور او آئی سی اس ناقابل برداشت عمل کا نوٹس لے اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے اجتماعی اور سنجیدہ ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور حکومت پاکستان فلفور سویڈن کے سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کرے۔