مزید خبریں

ہدایت الرحمن بلوچ اہل گوادر کے پشتیبان ہیں،عبد الرشید

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب پر جماعت اسلامی لیاری کے تحت گوادر حق دو تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں ایم پی اے وامیر جماعت اسلامی ضلع کراچی جنوبی سید عبدالرشیدنے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے پرامن مظاہرین پر بلوچستان اور وفاقی حکومت نے ظلم ڈھا رکھی ہے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سمیت سیکڑوں افراد کو تشددکا نشانہ بنایا گیا حسن واڈیلہ سمیت سیکڑوں گرفتار اور لاپتا کردیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ گوادر اور بلوچستان کے عوام کے پشتیبان ہیں، گزشتہ برس پرامن دھرنے کااختتام بلوچستان حکومت کے ساتھ تحریری معاہدے پر ہوا لیکن بلوچستان حکومت معاہدے پر عمل درآمد سے فرار اختیار کرچکی ہے اور اب تشدد کاراستہ اختیار کرکے عوام کو اکسا رہی ہے، ان کاکہنا تھا گوادر کے لوگ پرامن اور جمہوری جدوجہد کے راستے پر ہیں ،پرامن محب وطن پاکستانیوں پر ریاستی چڑھائی انہیں ڈی ٹریک کرنے کی کوشش ہے، سید عبدالرشید نے کہاکہ جماعت اسلامی بلوچ عوام کے حقوق کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد میں ان کی پشتیبان ہے ،کوئی بلوچ عوام کو تنہا نہ سمجھے پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ سرداروں نے اپنے مفادات اور دولت اکھٹی کرنے کی لالچ میں بلوچستان کو آگ میں جھونک دیاہے ریاستی ادارے اورعدالت عظمیٰ نوٹس لیں، انہوں نے کہاکہ گوادر کے لوگوں کی زندگی کا دارومدار ماہی گیری پر ہے لیکن سمندر پر ٹرالر مافیا کاراج ہے، بھتالے کر فشنگ ٹرالر کو کھلی چھوٹ سے دے دی گئی ہے گوادر کاماہی گیر فاقے کررہا ہے ۔انہوں نے متنبہ کیاکہ حکومت بلوچستان نے تشدد کاراستہ بند نہ کیا تو پورا ملک وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے خلاف اٹھ کھڑاہوگا ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیڈ لاک ختم کرکے فوری مذاکرات کاراستہ اختیار کیاجائے اور حق دو تحریک سے کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کیا جائے۔