مزید خبریں

۔2023ء میں عام انتخابات کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا

 

اسلام آباد (آن لائن)2023میں عام انتخابات کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، محکمہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو سْرخ جھنڈی دکھا دی ۔محکمہ شماریات نے مردم وخانہ شماری کی فہرستیں 31 دسمبر2022 تک فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کردی ۔محکمہ شماریات 30 اپریل 2023 تک ہی مردم وخانہ شماری کے عبوری نتائج فراہم کرسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکریٹری ظفراقبال حسین نے وزارت منصوبہ بندی کے وفاقی سیکریٹری خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری اور خانہ شماری کے بغیر عام انتخابات نہیں کراسکتے ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن کے لئے نئی حلقہ بندیوں کی مشق شروع کرنا مشکل ہے۔31 مارچ2023 تک فہرستیں نہ ملیں تو آئین کے آرٹیکل 51 (5) پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا ۔سپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کے خط کی کاپی وزیراعظم کے سیکریٹری کو بھی بھجوادی گئی ہے ۔خط میںسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ آپ کی توجہ8 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کی محکمہ شماریات (پی۔بی۔ایس) کے چیف سٹیٹیشین سے ملاقات کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔مشترکہ مفادات کونسل کے انچاسویں(49) اجلاس نے ساتویں مردم و خانہ شماری کرانے کی منظوری دی تھی۔یہ مردم اور خانہ شماری ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی ۔31 دسمبر 2022 تک پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس نے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوانے تھے ۔محکمہ شماریات کے مطابق سافٹ وئیر ، ہارڈوئیر اور خدمات کی فراہمی میں ’این آرٹی سی‘کی ناکامی سے تاخیر ہوئی۔این آر ٹی سی کی وجہ سے چار ماہ کی تاخیر ہوگئی ۔ جس کے بعد نادرا سے رابطہ کیاگیا۔الیکشن کمیشن کا خط میں مزید کہنا ہے کہ حکومت کی تبدیلی اور ملکی معاشی صورتحال کی وجہ سے مردم وخانہ شماری کرانے میں مزید تاخیر ہوگئی ۔کمیشن کے ممبر، ریسورس پرسن، سپورٹ سروسز نے بھی کمیشن کو بریف کیا ہے۔ الیکشن کمیشن بار باریہ معاملہ وزارت منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا چکا ہے ۔باربارکہہ چکے ہیں کہ 31 دسمبر2022تک مردم وخانہ شماری کی فہرستیںفراہم کی جائیں۔فہرستیں ملنے پر ہی الیکشن کمشن کلیدی انتخابی سرگرمیاں مکمل کرسکتا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے متعین وقت کے مطابق فہرستیں ملنے پر 2023 میں عام انتخابات منعقد ہوسکیں گے۔الیکشن ایکشن پلان کی تیاری، حلقہ بندیوں کی تشکیل اور انتخابی فہرستوں پر نظرثانی فہرستیں ملنے پر ہی ہوسکتی ہے۔