مزید خبریں

Jamaat e islami

الخدمت کراچی کی ٹیم کا بلوچسستان ریجن کا دورہ،تعمیر وطن پروگرام کا جائزہ

کراچی (نمائندہ جسارت) الخدمت کراچی کی جانب سے ٹیم نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کر اچی راشد قریشی کی قیادت میںالخدمت بلوچستان ریجنل آفس کا دورہ کیا، انہوں نے صدر الخدمت بلوچستان ریجن جمیل کرد اور جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر عبدالحق بلوچ سے ملاقات کی اور خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں سیلاب کے بعد پید اہونے والی صورت حال اور اس کے بعد کیے جانے والے امدادی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تعمیر وطن پروجیکٹ کے تحت الخدمت کراچی نے تعمیر نو اور بحالی کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مکانات کی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کسانوں کو کاشت کاری کیلیے بیج، کھاد اور زرعی دوائیں بڑے پیمانے پر فراہم کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں الخدمت کراچی کی جانب سے جمیل کرد اور عبدالحق بلوچ کو اجرک کے تحائف بھی دیے گئے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر
الخدمت کراچی راشد قریشی نے لسبیلہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں سیلاب متاثرین کیلیے مکانات کی تعمیر ات کا جائزہ لیا۔ نائب صدر بلوچستان ریجن کرامت اللہ ان کے ساتھ تھے۔ دریں اثناالخدمت بلوچستان ریجن کے کارکنان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں سوال وجواب کے سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس میں انہوں نے الخدمت کراچی کے تحت جاری سرگرمیوں، بڑے پیمانے پر کیے گئے سیلاب آپریشن اور بنو قابل پروجیکٹ کے بارے میں بھی مکمل معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلیے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کو مکمل کرنے کے بعد متاثرین کی بحالی کے فیز میں کام کر رہی ہے۔ ہم متاثرہ علاقوں میں ’’تعمیر وطن پروگرام‘‘ کے تحت متاثرین کی بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ الخدمت نے جہاں پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کیلیے مکانات بنائے ہیں، وہاں ضلع لسبیلہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی متاثرہ خاندانوں کیلیے مکانات کی تعمیرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو الخدمت کی جانب سے پکے اور بعض علاقوں میں وہاں کے طرز تعمیر کے مطابق گھر بنا کردیے گئے ہیں۔ الخدمت اس سلسلے میں اپنے وسائل کے مطابق کام کر رہی ہے۔ راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نے بڑے پیمانے پر ملک بھر میںکسانوں کو کھاد ،بیج اور زرعی دوائیں دی ہیں اور سیلاب کے دوران جانوروں سے محروم ہونے والے کسانوں کو جانور بھی دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کراچی’’ تعمیر وطن پروگرام‘‘ کے تحت اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک کام کریں گے۔ صدرالخدمت بلوچستان جمیل کرد اور امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق بلوچ نے الخدمت کی جانب سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلیے جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا، راشد قریشی نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ تعمیر وطن پروگرام میں ہمارا ساتھ دیں۔