مزید خبریں

Jamaat e islami

شاہ محمود نے استعفوں کی تصدیق کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی سے وقت مانگ لیا

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے وقت مانگ لیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا،امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا،ہم نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے لیکن الیکشن کمیشن کو فارورڈ نہیں کیے گئے، استعفوں کی منظوری میں سلیکٹڈ ارکان کے استعفے منظور کیے گئے، منتخب ارکان کے استعفوں کی منظوری کو سیاسی
مقاصدکے لیے استعمال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے حکومت کے ایما پر غیرقانونی اور آئین سے ہٹ کر فیصلہ کیا، اسپیکرکو پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے خط لکھ دیا ہے، اسپیکر چاہیں سب کو ایک ساتھ بلائیں یا ایک ایک کرکے بلائیں، اپنے دستخط کے ساتھ میں اسپیکر کو خط بھیج رہاہوں، اسپیکر ہمیں بلائیں اور ہم ان کے سامنے پیش ہوسکیں اور اجتماعی طور پر پیش ہوکر فیصلے کی تجدیدکرسکیں۔ اس موقع پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت نے عدالت عظمیٰ میں غلط بیانی کی،کہا گیا کہ پی ٹی آئی ارکان استعفے دے چکے ہیں اور تنخواہیں لے رہے ہیں، اپریل کے بعد سے پی ٹی آئی کے کسی رکن کو تنخواہ نہیں ملی،شبہ ہے حکومتی ارکان پی ٹی آئی کے نام پر تنخواہیں نکال کر نہ کھا گئے ہوں۔ ایک سوال پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کے پاس نمبر پورے ہیں،گورنر پنجاب بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں۔